بنگلورو:22/مئی (ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے شہر کی اہم سڑکوں کی مکمل صفائی یقینی بنانے کیلئے بی بی ایم پی کی طرف سے خریدی گئی مشینوں کو آج ہری جھنڈی دکھائی۔ودھان سودھا کے روبرو منعقدہ تقریب میں سدرامیا نے 50کروڑ روپیوں کی لاگت سے خریدی گئی آٹھ مشینوں کو استعمال کیلئے روانہ کیا۔اس موقع پر وزیر برائے ترقیات بنگلو رکے جے جارج، رکن کونسل گووند راج، میئر پدماوتی، ڈپٹی میئر آنند وغیرہ موجود تھے۔بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج نے کہاکہ بی بی ایم پی نے شہر کی اہم سڑکوں کی صفائی یقینی بنانے آٹھ بڑی اور ایک چھوٹی مشین خریدی ہے۔ایک مشین ایک سو خاکروبوں کے برابر کام کرسکتی ہے۔اس مشین کا استعمال شہر کے اوٹر رنگ روڈ اور فلائی اووروں کی صفائی کیلئے کیا جائے گا۔ یہ ایک مشین روزانہ 50کلومیٹر سڑک کو صاف کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ابتدائی مرحلے میں خریدی گئی ان 9/ مشینوں کی کارکردگی دیکھنے کے بعد مزید مشینیں خریدی جائیں گی۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہر کی ایک اہم سڑک کو شہید فوجی کرنل نرنجن سے منسوب کرنے کے سلسلے میں غیر ضروری تنازعہ کھڑا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ایک اہم سڑک کو ان سے منسوب کرنے کا فیصلہ لیا جاچکا ہے۔سدیا پرانک روڈ کا نام بدل کر نرنجن روڈ رکھنے کافیصلہ کیا گیا تھا، تاہم مجاہد آزادی سے منسوب سڑک کا نام بدلنے پر اعتراض کو دیکھتے ہوئے اس فیصلے کو موخر کیاگیا۔ اس سڑک کی بجائے کسی اور سڑک کو نرنجن سے منسوب کرنے کا فیصلہ بعد میں لیا جائے گا۔ اس موقع پر میئر پدماوتی، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد، جوائنٹ کمشنر سرفراز خان اور دیگر اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔